ریاست اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) مرکز میں مودی حکومت کے دوسرے میعاد کار کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ہفتہ سے آنے والے 25 دنوں تک متعدد پروگرام منعقد کرے گی۔
واضح رہے کہ پہلی سالگرہ کے موقع پر بی جے پی ریاست میں مرکزی حکومت کی حصولیایبوں کوشمار کرانے کے لیے ورچوئل ریلی اور پریس کانفریس کرے گی۔
پارٹی کارکنان کورونا وائرس وبا سے روک تھام کے بارے میں جہاں لوگوں کو بیدار کریں گے تو وہیں حکومت کی حصولیابیوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کریں گے۔
خیال رہے کہ مودی حکومت کی دوسری معیاد کار کی پہلی سالگرہ 30 مئی کو ہے۔
اترپردیش بی جے پی کے جنرل سکریٹری وجے بہادر پاٹھک نے جمعہ کو بتایا کہ پارٹی کارکن کورونا وائرس کے ضمن میں لوگوں کو بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی حصولیابیوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کریں گے۔
پارٹی ریاست میں 30 مئی سے شروع کیے جارہے مہم میں چھ ورچول ریلیاں منعقد کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے 25 دنوں تک چلنے والے پروگرام کے دوران پارٹی کے رہنما ان کارکنان سماجی فاصلہ قائم رکھتے ہوئے ایک کروڑ سے زیادہ افراد تک پہنچ کر وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے لکھا ہوا خط ان کے حوالے کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ یکم جون سے تین جون تک پارٹی کے سینیئر رہنما 98 اضلاع کے کارکنان کے ساتھ ورچول میٹنگ کریں گے۔
اس کے بعد پارٹی کی سبھی تنظیمیں اور مورچے ایک ہفتے تک اقلیتوں، پچھڑوں، دلتوں، سرمایہ کاروں، کاروباریوں اور سماج کے مختلف شعبوں کے افراد سے رابطہ قائم کریں گے۔
ڈیجیٹل رابطے کے تحت ہر ایک بوتھ پر وہاٹس ایپ گروپ بنایا جائےگا، ان وہاٹس ایپ گروپز میں سماج کے سینیئر ومعروف و مختلف ذات، مذہب کے لوگوں کو جوڑا جائےگا۔
انہوں نے بتایا کہ 15 جون سے پورے ملک میں ایک ہزار سے زیادہ آن لائن کانفرنسیں کی جائیں گی، اس میں ہر ایک خطے میں تقریباً ایک ہزار پارٹی کارکن اور عام لوگ شرکت کریں گے، جنہیں ریلی سے جڑنے کے لیے پاسورڈ دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 30 جوں کو بی جے پی صدر جے پی نڈا کے آن لائن خطاب سے پروگرام کا آغاز ہوگا جو اگلے 25 دنوں تک چلے گا، اور شیاما پرساد مکھرجی کی برسی 23 جون کو اختتام پذیر ہوگا۔
وہیں دوسری جانب کل سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اور ریاست کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے الزام لگایا تھا کہ سڑک پر بھوکے پیاسے مزدوروں کی پرواہ کرنے کے بجائے مرکزی کی بی جے پی حکومت اپنے میعاد کار کی پہلی سالگرہ کا جشن منانے کی تیاریوں میں مشغول ہے۔
اکھلیش یادو نے جمعرات کو کہا تھا کہ بی جے پی 30 مئی کو مرکزی حکومت کے میعاد کار کا ایک برس مکمل ہونے پر اپنی حصولیابیوں کی تشہیر کرکے عوامی ہمدردی حاصل کرنے میں مشغول ہے۔
ایس پی سربراہ نے کہا کہ '30 مئی کو بی جے پی کے مجوزہ جشن مانے والوں کے لیے شاید بڑی حصولیابی یا فخر کا باعث یہ ہے کہ ملک میں کوروناوائرس متاثرین کی تعداد 1.50 لاکھ کو عبور کرچکی ہے'۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ 'محنت کش بے موت مررہے ہیں، ریلوے سٹیشنز پر مردہ ماں کوجگاتے ہوئے شیر خوار بچے کی کلپ کافی پریشان کرتی ہے'۔
انہوں نے کہا تھا کہ پورا ملک بے حال ہے، بحران کے ایسے وقت میں اقتدار کی کرسی سے ملک کو بھروسہ دلانے کی ضرورت ہے، ایسے وقت میں ذمہ دار افراد راستے سے بھٹک چکے ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ آخر بی جے پی حکومت اپنے جھوٹے وعدوں سے عوام کو کب تک گمراہ کرتی رہے گی۔