سماجوادی پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے نوئیڈا میں احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی حکومت پر عوام دشمن پالیسیز کا الزام لگایا۔ انھوں نے سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھیلیش یادو کی گرفتاری کی مخالفت کرتے ہوئے سٹی مجسٹریٹ کے دفتر سیکٹر 19 نوئیڈا اترپردیش کے باہر شدید نعرہ بازی کی۔
ایس پی کے رہنماؤں نے الزام لگایا کہ اتر پردیش حکومت آمرانہ رویہ اختیار کررہی ہے۔ لکھیم پور کھیری میں تشدد کرنے والے لیڈر ملزمین کو گرفتار کرنے کے بجائے حکومت انہیں بچانے کی کوشش کررہی ہے۔
ضلع گوتم بدھ نگر نوئیڈا مہانگر کے صدر دیپک وگ، چھاتر سبھا کے ریاستی صدر اتل یادو اور یوتھ بریگیڈ کے مہا نگر صدر نادر شاہ چودھری کی قیادت میں سینکڑوں ایس پی کارکنان موجود تھے۔
مہا نگر صدر دیپک وگ نے کہا کہ بی جے پی حکومت آئین اور جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے۔ ہر طرف ظلم تشدد کا دور دورہ ہے۔
یوتھ بریگیڈ کے مہا نگر صدر نادر شاہ چودھری نے کہا کہ اگر کسان مرکزی حکومت کی پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہیں تو انہیں وحشیانہ مظالم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
دوسری جانب ضلع ہیڈکوارٹر گریٹر نوئیڈا میں احتجاج کرنے جارہے سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ گرفتاری سے قبل ضلع ہیڈ کوارٹر پر کارکنان نے زبردست احتجاج کیا۔ ان لوگوں نے اترپردیش اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔ بعد ازاں پولیس نے سماج وادی پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان کو حراست میں لے لیا۔