الیکشن کمیشن آف انڈیا کے طے شدہ پروگرام کے تحت ووٹر لسٹ میں اہل شہریوں کے نام شامل کرنے کے مقصد سے نوئیڈا کے تمام پولنگ سٹیشنوں اور پولنگ مقامات پر خصوصی مہم چلائی گئی۔ اس خصوصی مہم کا جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر امریش کمار سریواستو نے معائنہ کیا۔
انہوں نے تمام بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او) کو ہدایت دی کہ گھر گھر جا کر تصدیق کے بعد لوگوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کیے جائیں اور ضلع میں خواتین کا تناسب کم ہے اس لئے تمام خواتین کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کیے جائیں۔ خاص طور پر جن خواتین کی شادی ہو چکی ہے، ان کے نام ووٹر لسٹ میں درج کیے جائیں۔ اس کے برعکس سماج وادی پارٹی کے کنور بلال برنی کا کہنا ہے کہ بہت سے پولنگ بوتھ پر ووٹر لسٹ میں رائے دہندگان کے نام شامل نہیں ہیں اور ووٹر کے نام اور پتہ بھی غلط دکھائے گئے ہیں۔
یہاں تک کہ اٹا گاؤں اور کیلاش دھام سوسائٹی سیکٹر 50 کے ووٹرز کے نام بھی پولنگ اسٹیشن سیکٹر 33 سے منسلک کر دیے گئے ہیں، پولنگ اسٹیشن سے زیادہ فاصلہ ہونے کی وجہ سے ووٹرز کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سماج وادی پارٹی کے کارکنان نوئیڈا کے تمام بوتھ پر پہنچ کر ووٹر لسٹ کو درست کرانے میں پیش پیش رہے۔سیکٹر 9 اور 10 میں نوئیڈا کے نائب صدر شکیل سیفی کی قیادت میں ایس پی کارکنان نے بڑی تعداد میں ووٹر لسٹ میں لوگوں کے نام شامل کروائے۔