ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں کووڈ 19 کے باعث اس بار محرم الحرام کے موقع پر حکومت کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے یوم عاشورہ پر نکلنے والے جلوس کو منسوخ کر دیا گیا۔
اس جلوس میں ہر سال ہزاروں لوگ شریک ہوتے تھے۔ یہ جلوس مظفر نگر کے مختلف مقامات سے ہوتے ہوئے کربلا شریف پہچتا تھا لیکن اس بار کورونا وبا کی وجہ سے نہ ہی کوئی جلوس نکالا گیا اور نہ ہی تعزیوں کو دفن کیا گیا۔ سبھی عزاداروں نے سادگی کے ساتھ محرم الحرام کو اپنے گھروں پر ہی منايا۔
مظفرنگر کربلا کمیٹی کے صدر ڈاکٹر حسن مہندی نے بتایا کہ 'ہر سال مظفر نگر کے ابو پورہ سے ایک بہت بڑا جلوس نکلتا تھا۔ تعزیے نکلتے تھے لیکن اس سال کورونا وبا کی وجہ سے سبھی پروگرام کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ یہاں نہ تو کوئی تاجداری کی گئی، نہ ہی کوئی جلوس نکلا اور نہ ہی مجلس کی گئی۔سبھی عزاداروں نے اپنے گھروں پر ہی عزاداری برپا کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 'آج یوم عاشورہ کے دن سبھی عزاداروں کے گھر غم کا ماحول رہتا ہے۔'
انہوں نے بتایا کہ 'کورٹ کے فیصلے کے بعد اور حکومت کی گائیڈ لائینز پر عمل کرتے ہوئے ہم نے یہ فیصلہ لیا ہے کہ ہم اس سال تعزیوں کو دفن نہیں کریں گے۔ ان تعزیوں کو اگلے سال دفن کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت: کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ
مظفر نگر اے ڈی ایم امت کمار نے بتایا کہ 'کورونا وبا کی وجہ سے محرم کے موقع پر سبھی نے اپنے اپنے گھروں پر ہی محرم الحرام کو منایا۔ کہیں بھی شہر میں کسی طرح کا کوئی جلوس نہیں نکلا، سبھی نے کووڈ 19 اور انتظامیہ کی بتائی ہوئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے محرم منایا۔'