کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت کے ناقص انتظامات اور لوگوں کی غیر سنجیدگی اور لا پرواہی سے صورتحال خوفناک ہوگئی ہے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کے سبب ہر گزرتے دن کے ساتھ صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے اور بڑھتے ہوئے کیسز اور اموات کے سبب نئی دہلی اور این سی آر کے ہسپتالوں، قبرستانوں اور شمشان گھاٹ میں جگہ کم پڑ رہی ہے۔
ایسی خبریں گردش میں ہیں اور یہ سچائی بھی ہے کہ ہسپتالوں میں لاشوں کے انبار لگے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں بستر اور قبرستانوں میں دفنانے کے لیے جگہ کم پڑ گئی ہے۔
اس طرح کی ویڈیو اکثر وائرل ہورہی ہے جس کے ذریعے یہ بتانے کی کوشش ہورہی ہے کہ مسلم قبرستان میں اب میتوں کی تدفین کے لیے جگہ نہیں بچی لیکن نوئیڈا کی فلم سٹی کے سامنے قبرستان کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ تمام ویڈیوز جھوٹے ہیں اور ایک فرقہ کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش ہے۔
نوئیڈا کے فلم سٹی سیکٹر 18 کے سامنے واقع قبرستان میں ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔
قبرستان کے اندر جاکر جائزہ لینے پر کوئی بھی نئی قبر دیکھنے کو نہیں ملی۔ گورکن سہیل خان کے مطابق کورونا تو دور کی بات ہے عام میت کی بھی گزشتہ 20 دنوں سے تدفین نہیں ہوئی ہے۔
یہاں لاوارث لاشیں بھی تدفین کی جاتی ہیں، اتفاق سے حالیہ دنوں میں ایسی کوئی بھی میت تدفین کے لیے نہیں لائی گئی ہے۔
اس سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ نوئیڈا میں قیام پذیر مسلمانوں میں اموات شرح کافی کم ہے۔اگر کورونا سے مسلمانوں کی اموات ہوتی تو وہ یقیناً قبروں کی شکل میں دکھائی دیتی لیکن فی الحال ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔