علی گڑھ: فیکلٹی آف لاء کے ڈین پروفیسر ظفر محفوظ نعمانی نے معززین اور مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے فیکلٹی کی ترقی میں پروفیسر زکریا صدیقی کے خصوصی کردار کا ذکر کیا۔ انھوں نے ان کے علمی مرتبے پر روشنی ڈالی اور ذاتی یادیں تازہ کی۔ اس موقع پر پروفیسر صدیقی کی اہلیہ پروفیسر راشدہ رعنا صدیقی، بیٹی مسز صبا زکریا احمد اور بیٹے فیصل زکریا صدیقی بطور خاص موجود تھے۔
پروفیسر بلراج چوہان، سابق وائس چانسلر، دھرم شاسترا نیشنل لاء یونیورسٹی، جبل پور اور رام منوہر لوہیا نیشنل لاء یونیورسٹی، لکھنؤ نے سمینار کا افتتاح کیا اور ہندوستان میں عام طور پر اور ریاست اتر پردیش میں خاص طور پر نظام استغاثہ کی اصلاح میں پروفیسر زکریا صدیقی کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ افتتاحی نشست میں پروفیسر معراج الدین میر، سابق وائس چانسلر، سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر، سری نگر نے اپنے خطاب میں فوجداری نظام قانون کے بنیادی اصولوں کی وضاحت کی۔
پروفیسر فیضان مصطفیٰ، سابق وائس چانسلر، نیشنل اکیڈمی آف لیگل اسٹڈیز اینڈ ریسرچ یونیورسٹی، حیدرآباد نے فوجداری نظام انصاف کی اصلاح کے عمل کو آگے بڑھانے اور فوجداری قانون کے نظریاتی مباحث میں پروفیسر زکریا کی خدمات کا اعتراف کیا۔ پروفیسر نزہت پروین خان، سابق ڈین، فیکلٹی آف لاء، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی نے قانون کی تعلیم و تدریس و تحقیق سے اپنی وابستگی اور نابالغوں کے لئے انصاف اور فوجداری فارینسکس پر تحقیق کے لئے پروفیسر زکریا صدیقی کے تئیں ممنونیت کا اظہار کیا۔
پروفیسر سید محمد افضل قادری، سابق ڈین، اسکول آف لاء، یونیورسٹی آف کشمیر، سری نگر نے قانون و انصاف کے میدان میں ہونے والی تحقیق کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اپنی ریسرچ میں انھیں پروفیسر زکریا سے خاطر خواہ رہنمائی ملی۔ مغربی بنگال نیشنل یونیورسٹی آف جیوریڈیکل سائنس، کولکتہ کے پروفیسر سرفراز اے خاں نے فوجداری نظام انصاف کے تحت متاثرین کی بازآبادکاری، پیرول اور پروبیشن میں پروفیسر زکریا کے حوالے سے کئی قیمتی باتیں حاضرین کو بتائیں۔
مزید پڑھیں: اے ایم یو میں سبز توانائی کے وسائل کے استعمال پر زور
انڈین لاء انسٹی ٹیوٹ، دہلی کے پروفیسر انوراگ دیپ نے عصری تناظر میں پروفیسر زکریا صدیقی کے پیش کردہ فوجداری انصاف کے اہم اصولوں کو بیان کیا۔ سیمینار کی صدارت کیلیفورنیا، امریکہ میں ڈائریکٹر، انجینئرنگ اور مشین لرننگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کے سربراہ فیصل زکریا صدیقی نے کی جنہوں نے قانون کے محققین کے اندر قانونی مہارت پیدا کرنے میں اپنے والد کی شخصیت پر خاطر خواہ روشنی ڈالی اور ان کی میراث کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔صبا زکریا نے پروفیسر صدیقی کی فکری روایت کو فروغ دینے اور فیکلٹی آف لاء میں علمی ماحول کو بلند سے بلند تر کرنے پر زور دیا۔ سمینار میں کیرالہ، دہلی، مغربی بنگال، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ، ہریانہ، اتراکھنڈ اور اتر پردیش کے مندوبین نے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔