ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے زیر انتظام ضلعی عدالت کے احاطہ میں منعقدہ لوک عدالت میں 11344 مقدمات کا تصفیہ کیا گیا۔ حالانکہ لوک عدالت میں اپنے مسائل لے کر پہنچنے والے اکثر عرضی گزاروں نے ان کے مقدمہ کا تصفیہ نہ ہونے پر بے اطمینانی کا اظہار کیا۔
رامپور کی ضلعی عدالت کے احاطہ میں قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا۔ کورونا کی وجہ سے جاری لاک ڈاؤن کے بعد گزشتہ ڈیڑھ برس میں پہلی قومی لوک عدالت منعقد کی گئی۔
اپنے بینک قرضوں اور سود کی معافی سے متعلق پہنچنے والے گاہکوں نے معاملے کا تصفیہ نہ ہونے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ جب کہ ایس بی آئی بینک منیجر چتر مشرا نے اپنے گاہک کی شکایات کی تردید کی۔
وہیں شاہ آباد کے گاؤں مڈیان تلسی سے پہنچے پردھان گل محمد نے لوک عدالت پر اپنی غیر اطمینانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'وہ اپنے ساتھ کئی شکایت گزاروں کو مقدمات کا تصفیہ کرنے لائے تھے لیکن یہاں ایسا کچھ دکھائی نہیں دے رہا ہے۔
آپ کو بتادیں کہ لوک عدالت میں فریقین کے درمیان باہمی صلح سمجھوتے کی بنیاد پر معاملوں کو نمٹایا جاتا ہے۔