اترپردیش کے ضلع مظفرنگر میں سماجوادی پارٹی کے کارکنان آج یوم جمہوریہ کے موقع پر ٹریکٹر ریلی نکالنے والے تھے۔
سماجوادی پارٹی کے کارکنان قومی شاہراہ 58 کے رامپور تراہے سے ریلی نکال کر شہر کے اندر داخل ہو کر صدر تحصیل میں پرچم کشائی کرنے والے تھے۔ اس ریلی کی ہدایت انہیں سماج وادی پارٹی کے سابق وزیراعلی اکھلیش یادو نے دی تھی۔ سینکڑوں کی تعداد میں سماجوادی کے کارکنان ٹریکٹر پر ترنگا جھنڈا لے کر شہر میں داخل ہونے ہی والے تھے کہ پولیس نے رامپور تراہا پر بیریگیڈس لگا کر انہیں روک دیا۔
شہر میں داخل ہونے کے معاملے پر سماج وادی پارٹی کے کارکنان اور پولیس کے مابین زبردست نوک جھوک بھی ہوئی، لیکن پولیس کے سمجھانے کے بعد سماج وادی پارٹی کے کارکنان نے رامپور تراہا پر ہی ترنگا لہرا کر وہیں سے واپس لوٹ گئے۔
اس حوالے سے مظفرنگر سماج وادی پارٹی کے ضلعی صدر پرمود تیاگی نے کہا کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے ہدایت دی تھی کہ صدر تحصیل کے باہر سماجوادی پارٹی کے کارکنان یوم جمہوریہ منائیں گے اور دہلی بارڈر پر احتجاج کر رہے کسانوں کی حمایت میں ٹریکٹر ریلی نکالیں گے۔ اسی ہدایت کے پیش نظر ضلع کے مختلف مقامات سے 1000 سے زائد ٹریکٹر سینئر لیڈروں کے رہنمائی میں یہاں پہنچے۔ لیکن پولیس نے ہمیں تحصیل ہیڈ آفس نہیں جانے دیا۔ ان سب کے باوجود ہم نے فیصلہ کیا کہ راج کے انٹر کالج میدان میں ہم جائیں اور پولیس کی تحصیل افس میں اجازت نہیں ملنے کے بعد ہم نے یہیں جھنڈا لہرایا۔
وہیں، سٹی مجسٹریٹ ابھیشیک کمار سنگھ نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کارکنان آج ٹریکٹر ریلی نکالنے والے تھے، لیکن ان کے رہنماؤں سے بات کر کے اس ریلی کو روکا گیا اور یوم جمہوریہ کے پیش نظر شہر نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے دیگر مقامات پر پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔