ریاست اترپردیش کے ضلع مظفرنگر کے تھانہ علاقہ کی تیتاوی پولیس نے لالو کھیڑی چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران چار شاطر منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے۔جن کے قبضے سے پولیس نے پانچ لاکھ روپے مالیت کے گانجے کے ساتھ ہی ایک گاڑی بھی برآمد کی۔
مظفر نگر کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ ابھیشیک یادو کے ذریعے غیر قانونی اسلحہ اور منشیات فروشوں کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔تھانہ علاقہ کی تیتاوی پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے لالو کھیڑی چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران پولیس نے ایک کار کو روک کر اس کی چیکنگ کی۔ کار میں سوار چار نوجوانوں کے پاس سے پانچ لاکھ روپے کا 76.240 کلوگرام گانجا برآمد ہوا۔
پولیس کی پوچھ گچھ میں پتہ چلا کہ ملزمین وشاکاپٹنم سے منشیات لا کر اترپردیش اور ہریانہ میں فروخت کرتے تھے ۔
ایس پی دیہات نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ مظفر نگر کی تیتاوی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف گڈ ورک کرتے ہوئے چیکنگ کے دوران چار منشیات فروشوں کو 5 لاکھ روپے مالیت کے گانجے کے ساتھ گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ان منشیات فروشوں کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کو ہمارے ذریعے انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔ چاروں ملزمین کو پولیس جیل بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے۔