مسجد ٹرسٹ کے سکریٹری اطہر حسین نے بتایا کہ لوگو، اسلامی علامت ’روب الحزب‘ پر مبنی ہے۔ عربی میں روب کا مطلب ایک چوتھائی ہوتا ہے اور حزب کا مطلب گروہ یا جماعت کے ہوتے ہیں۔ قرآن کی تلاوت اور حفظ میں سہولت کےلیے اسے استعمال کیا جاتا جسے 60 حزبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس علامت کو عربی خطاطی میں ایک نشان کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
ٹرسٹ کے سکریٹری اور ممبران نے قبل ازیں دھنی پور کا دورہ کرکے پانچ ایکڑ اراضی کا معائنہ کیا جسے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اگست کے پہلے ہفتہ میں ہی سپرد کردیا گیا تھا۔
ٹرسٹ کے سکریٹری اطہر حسین اور ٹرسٹی عمران احمد شبلی پر مشتمل وفد نے دھنی پور اور اس کے اطراف کے دیہاتوں میں مقیم علما و دیگر مسلمانوں سے ملاقات کی۔
ٹرسٹ کی جانب سے یہاں ایک ملٹی اسپیشلیٹی ہسپتال، کمیونٹی باورچی خانہ، لائبریری اور مسجد کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ ٹرسٹ نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ مسجد کو بابر کے نام پر نہیں رکھا جائے گا جبکہ یہاں موجود سہولیات تمام برادری کے لوگوں کےلیے فراہم کی جائیں گی۔
ٹرسٹ کے وفد نے دھنی پور سے متصل ایک قدیم جین مندر کا بھی دورہ کیا۔