ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے انفیکشن کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے مسجد، مندر، گرودوارہ، چرچ سبھی مذہبی مقامات میں تالا لگا ہوا ہے لیکن اترپردیش حکومت نے شراب کی دکان کھولنے کا فیصلہ لیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر سوال جواب کا دور جاری ہے۔
عالمی شہرت یافتہ معروف شاعر منور رانا نے یوگی حکومت کے شراب کی دکان کھولنے کے فیصلے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'یوگی جی شراب پینے والوں کو شراب پلوائیں لیکن ہم لوگوں کو بھی گوشت کھانے دیجئے۔ کم سے کم انصاف کا دامن نہ چھوڑو ہاتھ سے، میں نہیں کہتا کہ تم میری طرف داری کرو۔'
اس کے بعد ٹویٹر پر آئی ٹی سیل والوں نے منور رانا کو ٹرول کرنا شروع کردیا۔ حالانکہ شراب کی دکانیں کھولنے کے فیصلے پر تمام اپوزیشن جماعتوں نے بھی یوگی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔
وہیں اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے ٹوئٹر پر یوگی حکومت پر طنز کرتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا کہ 'بھائی صاحب یہ بتائیں کہ پانچ ٹریلین کی معیشت تک پہنچنے کے لئے کیا اسی لائن میں لگنا ہے؟'
واضح رہے کہ 'اتر پردیش میں چار مئی سے شراب کی دکانیں کھولنے کا اعلان ہوا تھا۔ صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک شراب کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ پہلے ہی دن یو پی میں شراب نوشی والوں نے 300 کروڑ روپے کے شراب خریدے۔ صرف دارالحکومت لکھنؤ میں 6 کروڑ 30 لاکھ روپے کی شراب خریدی گئی۔'