ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں بی جے پی کے رکن اسمبلی سنگیت سوم نے دہلی تشدد کی مذمت کی اور تشدد میں ہلاک ہونے والے آئی بی نوجوان انکت شرما کی موت پر غم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے دہلی فسادات میں عام آدمی پارٹی کے کونسلر طاہر حسین پر الزام عائد کرتے ہوئے ان کو شدت پسند اور غدار کہا۔
انہوں نے کہا کہ 'طاہر حسین جیسے لوگوں کو سرعام گولی مار دینی چاہئے۔'
شہریت ترمیم قانون سے متعلق سوال کرنے پر انہوں نے کہا کہ 'سی اے اے واپس نہیں ہوگا، حکومت ایک انچ واپس نہیں ہٹے گی۔'
بی جے پی کے رکن اسمبلی سنگیت سوم جو 2013 میں مظفر نگر میں فرقہ وارانہ فسادات کے معاملے میں عدالتی تاریخ پر آئے ہوئے تھے۔
غور طلب ہے کہ رکن اسمبلی سنگیت سوم پر 2013 میں فرقہ وارانہ فسادات میں مظفر نگر میں اشتعال انگیز تقریر کرنے، متنازع پوسٹس کو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے سمیت متعدد مقدمات درج ہیں، اس سلسلے میں وہ مظفر نگر کی عدالت میں تاریخ پر آئے تھے، ان کے وکیل انل جندال نے ایم ایل اے سنگیت سوم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے بارے میں بتایا۔
ایم ایل اے سنگیت سوم پر تین مقدمات چل رہے ہیں جس میں سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنا شامل ہے جبکہ دوسرا معاملہ تھانہ کھتولی پولیس اسٹیشن کا تھا، اور تیسرا معاملہ سول لائن کا تھا، اس کیس میں 15 اپریل کی تاریخ طے کی گئی ہے۔