دیوالی کا تہوار اس بار ضلع جونپور کے ایک خاندان کے لیے خوشیوں کا تحفہ لے کر آیا ہے، پانچ سال پہلے اس خاندان کا ایک بیٹا گم ہوگیا تھا، لیکن اس دیوالی ان کا گمشدہ بیٹا واپس اپنوں کے پاس لوٹ آیا ہے اور یہ کرشمہ موبائل میں او ٹی پی میسج آنے کی وجہ سے ممکن ہوپایا ہے۔
دراصل جلالپور تھانہ کے شادی پور گاؤں کے رہائشی راجکمار کا اکلوتا بیٹا آکاش سال 2017 میں 16 سال کی عمر میں اچانک گھر سے لاپتہ ہوگیا تھا، پانچ سال گزر جانے کے بعد بھی جب راجکمار کو اپنے بیٹے کی کوئی خبر نہیں ملی تو وہ نا امید ہوگئے تھے۔ وہ کہتے ہیں نہ خدا کے گھر میں دیر ہے اندھیر نہیں اور اچانک ایک دن راجکمار کے موبائل پر آکاش کے نام پر ایک او ٹی پی کا میسج آیا۔
جب راجکمار نے گاؤں کے کچھ تعلیم یافتہ لوگوں کو اس او ٹی پی کو دیکھایا تو گاؤں کے لوگوں نے بتایا کہ یہ او ٹی پی آکاش کو ملنے والی کووڈ 19 کی ویکسین کا ہے۔ راجکمار کا موبائل نمبر ان کے بیٹے آکاش کے آدھار کارڈ سے لنک تھا، جب آکاش نے ویکسین کے لیے اپنا آدھار نمبر رجسٹر کروایا تو ان کے والد راجکمار کو ایک او ٹی پی موصول ہوا اور انہوں نے او ٹی پی سے ویکسین کا آن لائن رجسٹریشن ڈاون لوڈ کیا، جس کی بنا پر وہ اپنے بیٹے کو تلاش کرپائے۔
جب راجکمار کو معلوم ہوا کہ آکاش کا ویکسین رجسٹریشن گجرات کے ولسار تھانہ علاقے میں موجود کمیونٹی ہیلتھ سینٹر سے کیا گیا ہے تب وہ بیٹے کی تلاش میں گجرات کے لیے ٹرین سے روانہ ہوگئے ، وہاں ایس پی سے ملاقات کر انہوں نے اپنی آپ بیتی سنائی،
ایس پی کی قیادت میں مذکورہ تھانہ کے ایس ایچ او کی مدد سے ایک دن کے اندر آکاش کو ڈھونڈ نکالا گیا اور بعد میں دونوں والد اور بیٹا گھر واپس آگئے۔
آکاش ابھی گھر سے غائب ہونے کی وجوہات کو بتانے سے قاصر ہے، تاہم آکاش کی والدہ سریتا دیوی اور اس کی تین بہنیں اپنے بھائی کے ساتھ پانچ سال بعد دیوالی منانے پر خوش ہیں۔