کورونا کی دوسری لہر کے قہر نے کئی خاندانوں کو ایسا زخم دیا ہے جو بھرنا مشکل ہے اور اس وبا نے سینکڑوں بچوں کو یتیم کردیا ہے۔ والدین کو کھونے والے بچوں کو یوپی حکومت کی جانب سے وزیر اعلیٰ بال سیوا اسکیم کے تحت مدد فراہم کرائی جارہی ہے تاکہ ان یتیم بچوں کے مستقبل کو روشن کیا جاسکے۔
یوپی حکومت کی جانب سے کورونا میں اپنوں کو کھو چکے بچوں کے لیے مختلف اسکیمیں چلائی جا رہی ہیں۔ انہی اسکیموں کے تحت میرٹھ میں بھی ایسے تین درجن سے زیادہ بچوں کا فارم داخل کرایا گیا ہے، جنہوں نے اپنے ماں باپ میں سے کسی ایک یا دونوں کو اس وبا کے سبب کھو دیا ہے۔ محکمہ سماجی فلاح و بہبود کے زیر اہتمام فراہم کرائی جارہی مدد کے لئے ویریفکیشن کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ اسکیم کے علاوہ دیگر فلاحی اسکیموں کے تحت بھی متاثرہ بچوں اور ان کے سرپرستوں کو مدد پہنچانے کا کام کیا جا رہا ہے۔
صوبائی حکومت کی وزیر اعلیٰ بال سیوا اسکیم کے تحت مدد فراہم کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ اپنے ماں باپ کے سائے سے محروم ان بچوں کو آنے والی زندگی میں کسی قسم کی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔