کورونا وبا کی تیسری لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے آج وزیراعظم نریندر مودی نے پی ایم کیر فنڈ کے تحت قریب 35 آکسیجن جنریٹر پلانٹس کا افتتاح کیا۔ پی ایم کیر فنڈ کے تحت پہلے سے قریب ایک ہزار سے زیادہ آکسیجن جنریٹر پلانٹس سے آکسیجن سپلائی کی جا رہی ہے ایسے میں ان پلانٹس کے شروع ہونے سے آکسیجن کی کمی کو دور کیا جا سکتا ہے۔
میرٹھ میں بھی آج ضلع ہسپتال اور میڈیکل کالج کے علاوہ دوسری جگہوں پر بھی آکسیجن پلانٹس کا افتتاح کیاگیا۔ اس موقع پر مقامی رکن پارلیمنٹ راجندر اگروال نے وزیراعظم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ پی ایم کیر فنڈ کے تحت لگائے گئے یہ سبھی پلانٹس ایک مثبت قدم ہے۔ وہیں میرٹھ میں ضلع ہسپتال کے چیف سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں آکسیجن جنریٹر پلانٹس کے لگنے کے بعد اب ہسپتال کے سبھی بیڈوں تک آکسیجن کی سپلائی میں آسانی پیدا ہوگی جس کے ذریعے اب مریضوں کو بہتر علاج مل سکے گا۔
وزیراعظم نریندر مودی کے پی ایم کیر فنڈ کے تحت ملک بھر میں قریب ایک ہزار سے زیادہ آکسیجن پلانٹس لگائے جا چکے ہیں اس کے علاوہ کورونا کی تیسری لہر میں خاص کر بچوں میں انفیکشن کے خطرے کو دیکھتے ہوئے میڈیکل کالج اور ضلع ہسپتال میں بچوں کے لیے اسپیشل پیکو وارڈ بھی تیار کیے جا چکے ہیں تاکہ کسی بھی لہر سے ہونے والے نقصانات سے عوام کو بچایا جا سکے۔'