میرٹھ: ریاست اترپردیش کے میرٹھ شہر میں قومی ترانے پر ڈانس کرنے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس کے خلاف ہندو تنظیموں نے ریلوے روڈ پولیس اسٹیشن کے پاس احتجاج بھی کیا۔ اس معاملے میں ریلوے روڈ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے میرٹھ شہر سے ایک عدنان نام کے شخص کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس میں ایک نوجوان قومی ترانے کی بے عزتی کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ جمعہ کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس ویڈیو میں لڑکے چھت پر ساؤنڈ سسٹم لگا کر قومی ترانے کو سلامی دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ چند سیکنڈ سلامی دینے کے بعد ایک نوجوان اپنی جیکٹ پکڑ کر قومی ترانے کے دوران ہی ڈانس کرنے لگتا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ویڈیو یوم جمہوریہ کے موقع پر بنایا گیا تھا اور جمعہ کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔ ایس پی سٹی پیوش سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔ ملزمین کی شناخت کی جا رہی ہے۔ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی جس کے بعد پولیس نے ایک شخص کو گرفتار بھی کرلیا ہے جب کہ کلیدی ملزم تاحال مفرور ہے۔
یوم جمہوریہ کے موقع پر ایک نوجوان قومی ترانے کے دوران ڈانس کررہا تھا۔ قومی ترانے پر ڈانس کیے جانے کے خلاف سوشل میڈیا و دیگر جگہوں پر اس کی مخالفت کی جارہی ہے۔ اس دوران ہندو تنظیموں نے ویڈیو میں نظر آنے والے نوجوانوں کی شناخت کرائی۔ نوجوانوں کی شناخت کرانے کے بعد ہندو تنظیموں نے اس کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے میرٹھ پولیس اسٹیشن ریلوے روڈ پر دھرنا بھی دیا جس کے بعد میرٹھ پولیس کے اعلیٰ حکام نے اس کا نوٹس لیا اور ریلوے روڈ تھانے نے اس معاملے میں تین ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
یہ بھی پڑھیں: Clash Between Groups in Meerut, Video Viral: میرٹھ میں دو گروپوں میں تصادم، کئی زخمی، ویڈیو وائرل