بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے کہا کہ اترپردیش اور اتراکھنڈ میں بھارتی جنتا پارٹی کے چار برس مکمل ہونے پر کئے جارہے دعوے حقیقت اور عوامی مفاد سے کافی دور ہیں۔
مایاوتی نے جمعہ کو ایک کے بعد ایک ٹوئٹ کے ذریعہ یو پی، اتراکھنڈ کی بی جے پی اور پنجایت کی کانگریس حکومتوں پر طنز کیا۔
انہوں نے کہا کہ یو پی میں بی جے پی حکومت کے چار برس مکمل ہونے پر کافی پیسہ خرچ کرکے بڑے بڑے اشتہارات اور پریس مذاکرات کے ذریعہ جو حصولیابیاں حکومت کی طرف سے گنائی جارہی ہیں ان میں سچائی بہت کم ہے اگر سرکاری دعوے زمینی حقیقت میں غریب عوام کو فائدہ پہنچاتے تو زیادہ اچھا ہوتا۔
مایاوتی نے کہا کہ اتراکھنڈ میں بی جے پی اور پنجاب میں کانگریس حکومت کے چار برس مکمل ہونے پر جو بھی دعوے کئے جارہے ہیں وہ حقیقت اور عوامی مفاد و فلاح بہبود سے کافی دور ہیں۔ ان تینوں ریاستوں کے دکھی اور متاثرہ لوگ اپنی ریاستوں میں تبدیلی لانے کے لئے بے چین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اتراکھنڈ کے نئے وزیراعلی کی طرف سے خواتین کے اپنی پسند کے لباس سے متعلق جو تبصرہ کیا گیا ہے وہ نامناسب ہی نہیں بلکہ غیر مہذب اور غیر ضروری ہے۔ اس کے بجائے وہ اپنی ریاست کے عوامی مفاد کی آئینی ذمہ داری مکمل توجہ دیں۔
یو این آئی