لکھنؤ: شہید جنرل قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر ایران کے معروف شہر کرمان میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے سخت الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں نے اس وقت دہشت گردانہ حملہ کیا جب کرمان کے قبرستان گلزار شہدا میں شہید قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر ہزاروں لوگ جمع تھے۔ یہ دہشت گردانہ حملہ انہی طاقتوں کے اشارے پر ہوا ہے، جو خطے میں دہشت گردی اور جنگ کو فروغ دے رہے ہیں۔
مولانا نے کہا کہ دشمن خطے میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و نفوذ اور یک قطبی نظام کے خاتمے سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ اس لئے وہ ایسے بزدلانہ حملوں کے ذریعہ شہید پرور قوم کو خوف زدہ کرنا چاہتے ہیں، جو دیوانے کے خواب کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ایران کے ساتھ آمنے سامنے کی جنگ میں ہر بار ہزیمت اٹھا چکا ہے، اس لئے اب وہ بزدلانہ اقدامات کر رہا ہے۔
مولانا نے مزید کہا کہ قاسم سلیمانی کو بھی بغداد ایئرپورٹ کے باہر ڈرون حملے میں شہید کیا گیا تھا، کیونکہ دشمن میدان جنگ میں ان کا مقابلہ کرنے سے ڈرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کرمان میں ہوا دہشت گردانہ حملہ قابل مذمت اور انسانیت سوز عمل ہے جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں:
- آئی ایس آئی ایس نے ایران میں ہوئے خودکش بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کر لی
- غزہ میں حماس کو ختم کرنے سے متعلق اسرائیل کے دعوے کھوکھلے
مولانا نے کہا کہ ہم اس دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ، پسماندگان، متعلقین، خاص طورپر رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مد ظلہ العالی اور شہید پرور ملت ایران کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔