ریاست اتر پردیش کے پریاگراج میں فائرنگ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ پولیس نے ویڈیو کی تفتیش شروع کردی ہے۔ وائرل ویڈیو میں کچھ لوگ ایک پاکستانی گانے پر فائرنگ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ وائرل ویڈیو نواب گنج پولیس اسٹیشن کے علاقے کوڑیہار کا بتایا جا رہا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے کچھ گھنٹوں کے بعد پولیس نے اسے دو سال پہلے کا بتایا۔ وہیں پولیس افسران وائرل ویڈیو کی تحقیقات کر رہے ہیں اور اس میں نظر آنے والے لوگوں کی شناخت کر رہے ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی بات کہہ رہے ہیں۔
دراصل جمعرات کی شام اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی علاقے میں ہلچل مچ گئی۔ وہیں اس وائرل ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں چل رہا میوزک پاکستانی لگتا ہے۔ گانے میں 'عمران خان آیا' کے بول ہیں۔ اس ویڈیو میں چلنے والی آڈیو سننے کے بعد ایک اور سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا کسی نے ویڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر پاکستان کا گانا شامل کیا ہے؟
تاہم پولیس نے وائرل ویڈیو کے حوالے سے بھی تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس نے اس ویڈیو کو اسلم نام کے شخص کے گھر ہونے والی شادی کی تقریب کا بتایا ہے۔
ایس پی گنگاپار دھول جیسوال کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو نواب گنج میں اسلم نام کے شخص کے گھر ہونے والی شادی کی تقریب کی ہے۔ بہت سارے لوگ ہتھیاروں سے فائرنگ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے پنچایت انتخابات سے قبل اسلم کا اسلحہ ضبط کر کے کارروائی کی ہے۔ اس کے علاوہ وائرل ویڈیو میں نظر آنے والے دوسرے افراد کی بھی شناخت کی جا رہی ہے۔ شناخت ہوتے ہی ان کے تمام ہتھیاروں کے لائسنس کو منسوخ کرنے کی بھی کارروائی کی جائے گی۔