ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے گاؤں رنکھنڈی کے لوگوں نے دیوبند اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی برجیش سنگھ کے خلاف ایک مہاپنچایت منعقد کی گئی۔پنچایت میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ اگر بی جے پی آئندہ اسمبلی انتخابات میں موجودہ رکن اسمبلی برجیش سنگھ کو دوبارہ اس سیٹ سے اپنا امیدوار بناتی ہے تو گاؤں کے تمام لوگ اس کی مخالفت کریں گے اور بی جے پی کے خلاف ووٹ دیں گے اور کسی بھی قیمت پر انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اطلاع کے مطابق ٹھاکر اکثریتی گاؤں رنکھنڈی میں شیو مندر میں ایک مہاپنچایت میں ٹھاکر سماج سمیت گاؤں کے عوام نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔پنچایت میں کہا گیا کہ آئندہ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی موجودہ رکن اسمبلی کو اس سیٹ سے اپنا امیدوار بنانے کی غلطی نہ کریں۔اگر دوبارہ برجیش سنگھ کو اس سیٹ سے امیدوار بنایا گیا تو گاؤں کے لوگ رکن اسمبلی کے خلاف ووٹ دینے کا کام کریں گے۔
- مزید پڑھیں:'بی جے پی کا دورہ اقتدار ختم ہونے کے قریب'
گاؤں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ برجیش سنگھ نے انتخابات کے وقت تو بڑے بڑے وعدے کر ہمارا ووٹ تو لے لیا، لیکن اس کے بعد گاؤں کی ترقی کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ہم بی جے پی کا ساتھ دینے کو تیار ہیں لیکن تب جب وہ کسی نئے چہرے کو امیدوار بنائے گی۔ اگر بی جے پی دوبارہ برجیش سنگھ کو ٹکٹ دیتی ہے تو ہم بی جے پی کے خلاف ووٹ دیں گے۔
اس موقع پر بڑی تعداد میں گاؤں کے لوگ موجود رہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دو سال قبل بھی مذکورہ گاؤں کے افراد نے بی جے پی کے رکن اسمبلی برجیش سنگھ کی مخالفت اور بائیکاٹ کرچکے ہیں۔