ریاست اترپردیش کے ضلع بستی میں خطرے کے نشان کے بالکل قریب پہنچ چکی سریو ندی کی بڑھتی طغیانی اور اونچی اٹھتی لہروں سے کم سے کم 100 گاؤں کے باشندوں کی رات کی نیند اور دن کا چین اڑا ہوا ہے۔
آفیشیل ذرائع نے ہفتہ کو بتایا کہ سریو ندی خطرے کے نشان 92.730 میٹر تک قریب پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ ندی کے آبی سطح میں ایک سینٹی میٹر فی گھنٹے کے حساب سے اضافہ ہورہا ہے، جس کے بعد اتوار تک ندی کے آبی سطح کے 92.770 میٹر تک پہنچ جانے کے امکانات ہیں۔
پہاڑی اور میدانی علاقوں میں ہورہی تیز بارش اور بیراج سے پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے ندی کے بہاؤ میں تیزی اور سیلاب کے آثار ہیں۔
ندی کے تیز کٹان سے کٹاریا گاؤں کے پاس بنے ٹھوکر کا اگلا حصہ تقریباً 20 میٹر تک تباہ ہوگیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ ندی کا تیز دباؤ سفید آباد باندھ پر پارا گاؤں کے پاس بنا ہوا ہے، کٹان کو روکنے کے لیے سیلاب کنٹرول کے افسران و ملازمین کلیان پور گاؤں میں بورے میں مٹی ڈال کر دباؤ روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ریونیو پولیس اور سیلاب کنٹرول کے افسران سیلاب سے بچاؤ کے لیے مختلف طریقہ کار پر غور کررہے ہیں۔