لکھیم پور کھیری: سپریم کورٹ سے ضمانت کی منسوخی اور ایک ہفتے کے اندر عدالت میں خودسپردگی کے فیصلے کے بعد لکھیم پور تشددکے کلیدی ملزم و مملکتی وزیر داخلہ اجئے مشرا کے بیٹے آشیش مشرا نے آج مقامی عدالت میں خودسپردگی کردی جہاں سے اسے جیل بھیج دیا گیا۔ Ashish Mishra Returns to Jail
ذرائع کے مطابق آشیش مشرا نے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت کے سامنے خودسپردگی کی جہاں سے انہیں جیل بھیج دیا گیا۔سپریم کورٹ کی جانب سے طئے کئے گئے وقت مقررہ سے ایک دن پہلے ہی آشیش نے خودسپردگی کردی۔قابل ذکر ہے کہ 18اپریل کو سپریم کورٹ نے الہ آباد ہائی کورٹ کے ذریعہ ضمانت پر رہا ہونے والے مشرا کی ضمانت منسوخ کردی تھی۔لکھیم پوری تشدد کے ملزمین نے عدالت عظمی میں ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے پرسخت موقف اپناتے ہوئے اسے جلدی کیا گیا فیصلہ قرار دیتے ہوئے اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
۔چیف جسٹس این وی رمنا کی قیادت میں تین رکنی بنچ اپنا فیصلے سناتے ہوئے مشرا کو ہدایت دی تھی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر عدالت میں خودسپردگی کریں۔عدالت نے الہ آباد ہائی کورٹ سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت دیکھے کہ آیا ملزم کو ضمانت دی جانی چاہئے؟سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ 'ہائی کورٹ نے ضمانت عرضی منظور کرنے میں غیر مربوط حقائق پر غور کیا اور ضمانت دینے میں غیر ضروری جلدبازی کا مظاہرہ کیا ہے'۔سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ متاثرین کی اس عرضی پر سماعت کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے عدالت عالیہ سے کلیدی ملزم کی ضمانت عرضی منسوخ کرنے کی استدعا کی تھی۔
یواین آئی