وزیر ٹرانسپورٹ اشوک کٹاریہ نے لکھنؤ کے قیصر باغ بس اسٹیشن پر شیرخوار بچوں اور ان کی ماؤں کی عزت، حرمت، حفاظت اور وقار کے لیے ایک خصوصی سینٹر کا افتتاح کیا۔
اتر پردیش کے دارلحکومت لکھنؤ کے قیصر باغ بس سٹیشن پر بچوں کو دودھ پلانے کے لیے الگ سے ایک بوتھ کا افتتاح وزیر ٹرانسپورٹ اشوک کٹاریہ نے کیا۔
اس موقع پر پرنسپل سیکریٹری ٹرانسپورٹ ارون کمار، یونیسیف کی ڈاکٹر روتھ لینو، کارپوریشن کے ایم ڈی ڈاکٹر راج شیکھر، کمیونٹی امپاورمنٹ لیب کی نوڈل آفیسر آرتی، نوڈل آفیسر انڈیا آئل کارپوریشن کے حشمت خان ڈی جی ایم بینک آف بڑودا جے پرتاپ سنگھ وغیرہ خواتین اور شیر خوار بچوں کے ساتھ سفر کرنے والی خواتین بھی موجود تھیں۔
وزیر اشوک کٹاریہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی سینٹر میں روشنی اور ہوا کا معقول انتظام ہے تاکہ شیر خوار بچوں کی ماؤں کو کسی طرح کی دشواری نہ ہونے پائے۔ نیز کپڑے تبدیل کرنے کا بھی یہاں بہتر نظم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی ریاست کے تمام بس سٹیشنز پر اس کا معقول انتظام کیا جائے گا تاکہ کسی طرح چھوٹے بچے اور ان کی ماں کو پریشانیوں سے دوچار نہ ہونا پڑے۔
مقامی خاتون نے کہا کہ اس خصوصی سینٹر کے افتتاح سے ہمیں بڑی خوشی ہوئی ہے کیوں کہ اس سے قبل ہمیں اپنے چھوٹے بچوں کو دودھ پلانے کے لیے کوئی ایسی جگہ میسر نہیں ہوتی تھی جہاں پر تنہائی ہو۔
لہذا ہمیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور ہمارے بچوں کو پریشانی کا۔
اس کی وجہ سے اب یہ پریشانی دور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ ایک اچھی پہل ہے اسے سبھی جگہ جلد شروع کرنا چاہیے۔
اس کے علاوہ اشوک کٹاریہ نے کہا کہ یہ اہم پہل ہے اسے جلد ہی دیگر پبلک مقامات پر بھی کھولنے پر غور و فکر کیا جائے گا۔