لاک ڈاؤن کے دوران ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں پھنسے جموں و کشمیر کے 16 افراد کو جمعرات کو ان کے آبائی گاوں بھیج دیا گیا۔ دارالحکومت کے عالم باغ بس اسٹیشن سے جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس سے ان تمام افراد کو ان کے گھروں کے لیے روانہ کیا گیا۔ ملک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان لوگوں کو لکھنؤ میں ہی رکنا پڑا تھا۔
اس کے بعد ان لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے جموں و کشمیر جانے کی درخواست کی، جس کے بعد ان افراد کو گھر بھیج دیا گیا۔ لکھنؤ زون کے ریجنل منیجر پلو کمار بوس نے بتایا کہ 'اس سلسلے میں جموں و کشمیر حکومت کے ساتھ بات چیت کی گئی۔ شروعات میں ان لوگوں کو اترپردیش ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس کے ذریعہ بھیجنے کی تیاری کی جارہی تھی۔
لیکن بعد میں جموں و کشمیر حکومت نے اپنی اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس لکھنؤ بھجوا دی۔ ضلعی انتظامیہ کے حکم پر ان تمام افراد کو جمعرات کی رات کو عالم باغ بس ٹرمینل سے جموں و کشمیر کے لیے روانہ کیا گیا۔ لوگوں کو کورونا وائرس سے متعلق مرکزی حکومت کی جاری کردہ گائید لائن کے تحت بس کے ذریعے بھیجا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 72 سے زیادہ کشمیر کے لوگوں کو اترپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی 3 بسوں کے ذریعہ لکھنؤ سے کشمیر روانہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد جموں و کشمیر انتظامیہ نے مسافروں کو اپنی بسوں سے واپس بلایا ہے۔