کانپور میں جمعیت علمائے ہند اتر پردیش کا دو روزہ تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا۔ اترپردیش کے تمام ضلع کے سینئر ذمہ داران اس تربیتی کیمپ میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر جمیعۃ کے جنرل سیکریٹری سید محمود اسعد مدنی اور صدر سید محمد عثمان منصور پوری نے بھی شرکت کی۔ اس دوران تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی بات کی گئی۔
کانپور کے جاج معو علاقے میں جمعیۃ علماء ہند اترپردیش کا دو روزہ تربیتی کیمپ رائل پیلس میں جاری ہے۔ اترپردیش کے تمام اضلاع سے کئی بڑے عالم دین نے اس کیمپ میں شرکت کرنے کے لیے آئے ہیں، جہاں وہ جمعیۃ علماء اترپردیش کے اراکین کی تربیت کرینگے۔
اس تربیتی کیمپ میں خصوصی تربیت کرنے کے لئے جمعیت علماء ہند کے قومی صدر سید محمد عثمان منصور پوری اور جمعیت علمائے ہند کے قومی جنرل سیکریٹری سید محمود اسعد مدنی تربیتی امور کی ذمہ داری کو از خود انجام دے رہے ہیں۔ اس تربیتی کیمپ میں تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
جمیعت علماء ہند کے جنرل سیکریٹری سید محمود اسعد مدنی نے کہا کہ اس کیمپ میں مسلمانوں کی پسماندگی کو دور کرنے اور دینی تعلیم کے ساتھ جدید تعلیم دینے پر خصوصی تربیت کی جاری ہے، اتنا ہی نہیں علمائے دین کا ہندوستان کی آزادی سے پہلے کا کردار اور ان کی قربانیاں اور اب جمیعت کے ذریعہ آزادی کے بعد علمائے کرام کی جو کارکردگی رہی ہے، اس بارے میں اراکین کو روشناس کیا جارہا ہے۔جس کا بنیادی مقصد مسلمانوں میں علمائے کرام کی قربانی کو نمایاں کرنا ہے۔ علماء کرام کی ذمہ داری اور قربانی کس طرح کی ہونی چاہیے،اس جانب عوام کی توجہ مرکوز کرنی ہے۔اسی پر خصوصی تربیت کی جارہی ہے۔ساتھ میں ہم تعلیم کی ضرورت پر خصوصی زور دے رہے ہیں اور عوام کو تعلیم حاصل کرنے کے حوالے سے بیدار کیا جارہا ہے۔
کانپور میں جمعیت علمائے ہند کے اس دو روزہ تربیتی کیمپ میں کئی طرح کے تربیتی پروگرام کو شامل کیا گیا ہے، جس میں علمائے کرام کی بولنے کی صلاحیت کو ابھارنے کے لیے مذاکرہ جیسے پروگرام کو بھی شامل کیا گیا ہے جس میں تربیتی کیمپ میں آئے تمام علماء کرام کو کچھ وقت کے لے بولنے کی تربیت دی جارہی ہے۔