ریاست اترپردیش کے شہر بارہ بنکی میں ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کی برسی پر کانگریس کارکنان نے کالی پٹی باندھ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا، اور ریاستی صدر اجے کمار للو کی گرفتاری کی مخالفت میں بھوک ہڑتال کی اور ان کی جلد از جلد رہائی کا مطالبہ کیا۔
شہر بارہ بنکی کے ضلع صدر محمد محسن کی قیادت میں بدھ کو کانگریس کے ضلع دفتر پر تمام کارکنان نے پہلے پنڈت جواہر لعل نہرو کی تصویر پر گل پوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس دوران تمام کارکنان اپنے سروں پر کالی پٹی باندھے نظر آئے، اس کے بعد تمام کارکنان پارٹی دفتر کے نیچے واقع راجہ چلہادی پارک میں ایک روزہ بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے۔
کانگریس کارکنان کا الزام ہے کہ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی لاک ڈاؤن کے دوران غریب اور مزدوروں کی مدد کرنا چاہتی ہیں، اس لیے انہوں نے ایک ہزار بسیز کا انتظام کیا، لیکن بی جے پی ریاستی حکومت نے ان بسیز کو اجازت نہیں دی۔
جب بسیز کو جہاں روکا گیا تھا اس مقام پر ریاستی صدر اجے کمار للو پہنچے تو ان کو گرفتار کرلیا گیا، جو جمہوریت کے خلاف ہے۔
ان تمام کارکنان نے گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اجے کمار للو کو فورً رہا کیا جائے۔