ضلع سہارنپور میں جمعیت علماء ہند کے ایک وفد نے جیل انتظامیہ سے ملاقات کرکے ضلع جیل میں قید و بند کی زندگی گذار رہے قیدیوں کے لئے کمبل تقسیم کا ایک پروگرام منعقد کیا۔
وفد کی نمائندگی کر رہے جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کے صدر مولانا سید حبیب اللہ مدنی نے بتایا کہ جمعیت علماء ہند ہر سال موسم سرما میں غرباء و مساکین اور مختلف جیلوں میں بند قیدیوں کو سردی سے حفاظت کے لیے کمبل تقسیم کرتی ہے۔ اس سال بھی حضرت مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیت علمائے ہند کے حکم سے ضلع جیل سہارنپور میں غریب اور کمزور قیدیوں کے لئے کمبل تقسیم کیے جارہے ہیں۔
مولانا مدنی نے کہا جمعیت علماء ہند کا مقصد بغیر کسی تفریق کے ہر ضرورت مند کی مدد کرنا ہے۔ ہمیشہ اسی پر عمل کرتے ہوئے جمعیت انسانی فلاح و بہبود کے لئے اس طرح کی تمام رفاہی خدمات انجام دیتی ہے۔
مولانا مدنی نے مزید کہا کہ قیدی بھی انسان ہوتے ہیں اور اس کڑاکے کی سردی میں قیدی سردی سے بچنے کے لئے آزادی کے ساتھ انتظام نہیں کرسکتے ہیں، کیونکہ جیل میں ایک بڑی تعداد ایسے لوگوں کی ہے جن کی معاشی حالت بہتر نہیں ہے، لہذا قائد ملت مولانا سید ارشد مدنی ان لوگوں کے درد کو محسوس کرتے ہوئے ہر سال قیدیوں کے لئے بغیر کسی بھید بھاؤ کے محض انسانی ہمدردی میں ملک کی مختلف جیلوں میں کمبل تقسیم کراتے ہیں۔
اس موقع پر جیل سپرنٹینڈنٹ وریش راج شرما نے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سیدارشد مدنی صاحب کی خدمات کی تعریف کی اور اس تعاون پر ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔