لکھنؤ: کانگریس رہنما شاہنواز عالم نے کہا کہ یکم نومبر کو ریاست بھر سے وزیر خارجہ کو میمورنڈم بھیج کر اقلیتی کانگریس کی ضلعی اور شہری اکائیوں نے اقوام متحدہ میں ووٹنگ کے دوران مودی حکومت کی غیر حاضری کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں جنگ بندی کی قرارداد پر اعتراض کا اظہار کرتے ہوئے ان پر عدم تشدد پر مبنی روایتی موقف سے ہٹنے کا الزام لگایا تھا۔ جس کے بعد ایل آئی یو اور پولیس نے مختلف کانگریس پارٹی کے ضلعی صدور سے فون پر ان کے اور ان کے خاندانی پس منظر کے بارے میں پوچھا اور بعض مقامات پر انہیں تھانے پر بھی طلب کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
شاہنواز عالم نے کہا کہ ریاستی حکومت جنگ بندی کے خلاف نسل کشی کے حق میں مودی حکومت کے غیر اخلاقی موقف سے اختلاف کرنے والوں کی آوازوں کو دبانا چاہتی ہے۔ شاہنواز عالم نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی طرف سے راجستھان میں انتخابی مہم کے دوران فلسطین کے رہائشی علاقوں پر اسرائیل کی طرف سے گرائے جانے والے بموں کا بجرنگ بلی کی گدے سے موازنہ کرنے کو ہندو مذہب کی توہین قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک اسرائیل کی اس کارروائی کو نسل کشی سمجھ رہے ہیں۔ تو کیا یوگی ادتیہ ناتھ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہنومان نہتے لوگوں کی نسل کشی کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مودی حکومت غزہ میں اناج اور ادویات بھیجنے کا دعویٰ کر رہی ہے تو دوسری طرف ان کا ہی وزیر اعلیٰ نسل کشی کی حمایت کر رہا ہے۔