لکھنؤ: ریاست اترپردیش میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان ہوچکا ہے۔ 4 مئی کو پہلے مرحلے میں جبکہ 11 مئی کو دوسرے مرحلے کی ووٹنگ ہوگی اس کے لیے تمام تر سیاسی جماعتیں بڑے ہی زور و شور سے تیاریوں میں سرگرم ہیں۔ بہوجن سماج پارٹی نے لکھنؤ میئر کے عہدے کے لیے شاہین بانو کو میدان میں اتارا ہے ای ٹی وی بھارت نے شاہین بانو سے خاص بات کی اور جاننے کی کوشش کی کہ اگر وہ انتخاب میں کامیابی حاصل کرتی ہیں تو لکھنؤ میں کیا کیا کام کریں گی ۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے شاہین بانو نے کہا کہ لکھنؤ کو اسمارٹ سٹی کا درجہ ضرور ملا ہے لیکن لکھنؤ میں وہ کام اور سہولت موجود نہیں جس سے عوام سکون کی نیند سو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے موسم میں لکھنؤ کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کا بہت ہی عام مسئلہ ہے۔جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی ہوتی ہے۔ لوگوں کے گھروں میں پانی بھر جاتا ہے۔ ملیریا اور ڈینگی جیسی بیماریوں سے لوگ متاثر ہوتے ہیں اس پہلو پر پہلے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیور لائن اور روڈ پر گڈھے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ اس پہلو پر بھی کام کرنے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ محلہ کلینک کھولیں گے جس سے عام لوگوں کو فوری علاج مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لکھنؤ تاریخی شہر ہے اور یہاں پر متعدد تاریخی عمارتیں ہیں اس کی دیکھ بھال کے لیے بھی نگر نگم کی جانب سے منصوبہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی صحت کے لیے بھی خاص اسکیم بنائی جائے گی خواتین کے فوری علاج اور ان کی بہتر صحت کے لیے ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام چلنے والے اسکول اور کالج کو جدید سہولت سے لیس کیا جائے گا تاکہ تعلیم کے معیار میں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مایاوتی کے دور اقتدار میں لکھنؤ میں جو کام ادھورے رہ گئے تھے ابھی تک وہ نا مکمل ہیں اسے بھی مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنی سیاسی سفر کے بارے میں بتایا کہ اگرچہ میں پہلی بار انتخابی میدان میں ہوں لیکن اس سے قبل ہمارے امیدوار 2012 اور 2022 کے اسمبلی انتخابات میں میدان میں تھے اور ان کے شانہ بشانہ کام کر رہی تھی لیکن اس بار ہے بہوجن سماج پارٹی کے سربراہ مایاوتی نے مجھے موقع دیا ہے اور لکھنؤ کے میئر کے عہدے پر واحد مسلم خاتون ہوں امید ہے کہ مجھے کامیابی ضرور ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں : UP Municipal Election 2023 بلدیاتی انتخابات میں مضبوطی سے لڑ کر جیت حاصل کریں گے، شیوپال