اترپردیش کے ضلع رامپور کے مہیلا تھانوں میں ہفتہ واری خاندانی تصفیہ کیمپ میں میاں۔ بیوی کے درمیان رشتے خراب ہونے کی وجہ سے شکایات کے اندراج میں اضافہ ہوا ہے۔ دو اجنبیوں کے درمیان شادی کے ذریعہ قائم ہونے والے اٹوٹ رشتوں کی ڈور اب گزشتہ کچھ برسوں سے کمزور ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
بات بات پر طلاق یا خلع کے ذریعہ علیحدگی اختیار کرنے کے حیرت انگیز معاملے سامنے آرہے ہیں۔ جس سے عدالتی کام کاج بھی متاثر ہوا ہے۔ اسی کے پیش نظر عدالتوں نے میاں بیوی کے معاملوں کو آپسی سمجھوتہ سے نمٹانے کے لئے مقامی تھانوں میں خاندانی صلاح مراکز کا قیام کیا ہے۔
رامپور کے مہیلا تھانہ میں بھی گزشتہ 3 برس سے ہفتہ واری کاؤنسلنگ کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے لیکن معاملوں کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے یہ کیمپ اب ہفتہ میں دو مرتبہ لگائے جارہے ہیں۔
اس ضمن میں جب ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ نے لوگوں سے جاننا چاہا، تو مہیلا تھانہ میں تصفیہ کے لئے پہنچے لوگوں نے میاں بیوی میں بڑھتے جھگڑوں کی اصل وجوہات عدم برداشت کو بتایا اور کہا کہ آج کے بچے، بچیاں چھوٹی چھوٹی باتوں کو انا کا مسئلہ بنالیتے جس سے میاں بیوی کے درمیان تنازعات میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔
مزید پڑھیں:کسانوں کا عدم تشدد 'ستیہ گرہ' آج بھی برقرار ہے: راہل گاندھی
کہا جاتا ہے کہ ایک شوہر اور بیوی کے درمیان دوری ہونے سے نہ صرف وہ دو لوگ الگ ہوتے ہیں بلکہ ان کے بچوں سمیت ایک پورا خاندان درہم برہم ہوجاتا ہے، اس لئے ماہرین کا خیال ہے کہ برداشت کی کیفیت پیدا کی جائے اور آپسی اختلافات کو باہمی سمجھوتے کے ذریعہ گھروں کے اندر ہی حل کرنے پر توجہ دی جائے۔