اترپردیش میں ضلع رامپور کے آخری فرماں رواں نواب رضا علی خاں کے بیٹے کی کروڑوں کی جائیداد پر زمین مافیاؤں نے قبضہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں سابق وزیر اور نواب خاندان کے چشم و چراغ نواب کاظم علی خاں عرف نوید میاں نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے ان تمام لوگوں کے نام مقدمہ درج کرایا ہے، جنہوں نے ان کے چچا کی عراضی پر قبضہ کیا ہے۔
سابق وزیر نواب کاظم علی خاں عرف نوید میاں نے ریاست کے آخری حکمراں نواب رضا علی خاں کے بیٹے نواب زادہ سید عابد علی خاں کی جائیداد کو بچانے کے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ انہوں نے سول جج کی عدالت میں 19 افراد کے خلاف شکایت درج کرائی ہے اور متنازعہ زمین پر غیر قانونی قبضہ اور تعمیراتی کام کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سابق وزیر نواب کاظم علی خاں عرف نوید میاں نے بتایا کہ گرام تاشکہ میں واقع اراضی گاٹا نمبر 255 ایکڑ 12، 8860 ہیکٹیئر ان کے چچا مرحوم نواب زادہ سید عابد علی خاں عرف سلیم میاں کا ہے۔ اس زمین کے وارث بیرون ملک میں مقیم ہیں۔ اس لئے اس تمام اراضی کی دیکھ ریکھ کے لئے انہیں مختار خاص مقرر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:
انہوں نے بتایا کہ سول جج کی عدالت میں دائر شکایت میں کہا گیا ہے کہ کچھ لوگوں نے قانون کو بالائے طاق رکھ کر متنازع زمین پر لگائے گئے آم کے درخت کاٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے فرضی طریقہ سے نواب زادہ عابد علی خاں کی زمین کو دوسرے کے نام پر منتقل کر دیا ہے۔
نوید میاں نے میو سنگھ، ناراین سنگھ، جسویر سنگھ، پروندر کور، جوگراج سنگھ، صاحب سنگھ، بھگوان سنگھ، شاداب عالم، شہاب عالم، شاہ ندیم، محمد دانش اختر، عارفہ مراد، ندیمہ رحمان، اظہر میاں، اسماء، محمد ناصر، بابر خاں، ذکی خاں اور حرمت خان کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔ نوید میاں نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے مستقل حکم امتناعی کا حکم جاری کیا جائے تاکہ یہ لوگ متنازع اراضی پر غیر قانونی طور پر قبضہ یا کوئی تعمیر نہ کر سکیں۔