اترپردیش کے ضلع ہمیر پور میں جمعہ کو کورونا متاثرہ 18 نئے افراد کی شناخت کے بعد ضلع میں کووڈ متاثرہ مریضوں کی تعداد 42 ہوگئی ہے۔
چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر آر کے سچان نے بتایا 'ضلع سے ایک ہفتہ قبل جو نمونے جانچ کے لئے بھیجے گئے تھے ان میں سے 18کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ اس میں سب سے زیادہ گوہانڈ اور سریلا بلاک کے مریض بتائے جاتے ہیں'۔
انہوں نے بتایا 'بیرا گاؤں کے آٹھ مریض آج مثبت پائے گئے ہیں۔ اس سے قبل یہاں چار مریض پائے گئے تھے۔ وہیں کرارا بلاک کے بیری گاؤں میں ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ گوہانڈ بلاک کے چرہا میں دو ،مودہا میں دو،راٹھ بلاک کے نورنگا میں دو، بیرا گاؤں میں 8،گوہانڈ بلاک کے تیوتنا اترولی، چنڈوت میں ایک ۔ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے'۔
سی ایم او نے بتایا 'سبھی مریضوں کو علاج کے لئے کووڈ۔اسپتال باندا میں داخل کرایا گیا ہے اور متاثرہ کے گاؤں سیل کردئیے گئے ہیں۔
اتر پردیش میں کووڈ-19 سے اب تک 12 ہزار 88 افراد متاثر پائے گئے ہیں جبکہ 345 افراد اس وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ 7 ہزار 292 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ بھارت میں اب تک 2 لاکھ 98 ہزار افراد کا کووڈ-19 ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے جبکہ 8 ہزار 498 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔