ریاست اترپردیش کے ضلع آگرہ میں واقع تاج محل اور آگرہ کا قلعہ 21 ستمبر کو کورونا کے خطرات کے پیش نظر 188 دنوں کی طویل پابندی کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
آبھی بھی تاج محل کی شاہی مسجد میں نماز پڑھنے کیلئے نمازیوں کو انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ آگرہ میں مذہبی مقامات ابھی بھی کورونا انفیکشن کی وجہ سے بند ہیں اس لئے جمعہ کے روز ہفتہ وار بندی میں بھی نمازیوں کو تاج محل کی شاہی مسجد میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
تاج نگری میں ہر روز 100 سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کافی محتاط ہے اور ضلعی انتظامیہ نے ابھی تک کورونا انفیکشن کی وجہ سے مذہبی مقامات کو کھولنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ لاک ڈاؤن کے بعد سے ہی ضلع میں مندروں، مساجد ، چرچ اور دیگر مذہبی مقامات بند ہیں۔
تاج محل انتظامیہ کمیٹی کے صدر سید ابراہیم زیدی نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جمعہ کے روز تاج محل کی شاہی مسجد میں نماز پڑھنے کے لئے نمازی نہیں آئے، فی الحال ضلعی انتظامیہ نے مذہبی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی ہے، اگر آئندہ جمعہ تک اجازت مل جاتی ہے تو گائیڈلائن کے مطابق لوگوں کو نماز پڑھنے کے لئے تاج محل کی شاہی مسجد میں داخلہ کی اجازت دی جائے گی۔
تاج محل ہفتے میں جمعہ کو بند ہوتا ہے، لیکن جمعہ کے دن تاج محل کے دروازے نمازیوں کے لئے دو گھنٹے کے لئے کھلتے ہیں، نمازیوں کو شناختی کارڈ یا آدھار کارڈ دکھا کر مفت تاج محل میں داخلہ کی اجازت ہوتی ہے تاکہ وہ تاج محل کی شاہی مسجد میں نماز ادا کر سکیں۔