لکھنؤ: اترپردیش کے محکمہ پولیس میں 50 سال سے زیادہ عمر کے پولیس اہلکاروں کی اسکریننگ کے بعد ریٹائرمنٹ کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اے ڈی جی اسٹیبلشمنٹ سنجے سنگھل کی جانب سے تمام آئی جی رینجز/ اے ڈی جی زونز/سبھی 7 پولیس کمشنروں کے ساتھ ساتھ، تمام پولیس محکموں کو نوٹس بھیجا گیا ہے۔
وہ پولیس اہلکار جو 31 مارچ 2023 کو 50 سال مکمل کر لیں، ان کی لازمی ریٹائرمنٹ کے لیے اسکریننگ کی جائے۔ ساتھ ہی ساتھ وہ پولیس آفیسر جن کے کام کا ریکارڈ اب تک اچھا نہیں رہا ہے یا وہ کسی کرپشن یا تنازعہ میں ملوث پائے گیے ہیں، تو ان کو بھی فوری ریٹائرڈ کر دیا جائے۔
غور طلب ہو کہ یہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اسٹیبلشمنٹ سنجے سنگھل کی جانب سے تمام اضلاع میں 50 سال کی عمر مکمل کرنے والے پولیس اہلکاروں کی اسکریننگ اور لازمی ریٹائرمنٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔ اس دوران ایک کمیٹی بنا کر ضلع وار رپورٹ تیار کرنے کو بولا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں وہ پولیس اہلکار بھی شامل ہوں گے جن کے خلاف بدعنوانی کی کاروائی ہوئی ہے یا جو جسمانی طور پر معذور ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
- چینی لون ایپلیکیشن کے ذریعہ کروڑوں کا گھوٹالہ کرنے والے گروہ کا پردہ فاش
- پولیس انکاؤنٹر میں ایک بدمعاش زخمی، دوسرا فرار
دراصل، ڈی جی پی ہیڈ کوارٹر نے ایسے پولیس والوں کی فہرست 30 نومبر تک طلب کی تھی۔ تاہم کئی اضلاع اور محکموں سے ریٹائرڈ ہونے والے پولیس اہلکاروں کی فہرست نہیں بھیجی گئی تھی۔ ایسے میں ڈی جی پی ہیڈ کوارٹر نے ایسے پولیس اہلکاروں کی فہرست طلب کی ہے۔ اس معاملے میں اے ڈی جی اسٹیبلشمنٹ کا کہنا ہے کہ یہ پولیس کے معمول کی کاروائی ہے۔