علیگڑھ: علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بیگم عزیز النساء ہال میں جشن یوم سر سید کا خصوصی ڈنر کھانے کے بعد تقریباً سو طالبات کی طبیعت خراب ہوگئی۔ جس کے بعد انہیں علاج کے لیے اے ایم یو کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج و اسپتال میں علاج کے لیے داخل کروایا گیا ہے۔ بیگم عزیز النساء ہال کی پرووسٹ پروفیسر صبوحی خان نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کو ٹیلی فون پر بتایا گزشتہ شب اسی کھانے کو تقریباً 3500 لوگوں نے کھایا تھا لیکن ان میں سے تقریباً سو طالبات کی طبیعت خراب ہوگئی ہے۔ جن کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا لیکن اب وہ اسپتال سے ہال واپس آرہی ہیں۔ اس سے کچھ دیر قبل ہی علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں جشن یوم سر سید تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
Sir Syed Day Celebration اے ایم یو میں جشن یوم سر سید تقریب کا اہتمام
سوال کا جواب دیتے ہوئے صبوحی خان نے مزید بتایا کہ پورے معاملہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے، نصب سی سی ٹی وی کیمرے دیکھے جا رہے ہیں، ممکن ہے کہ یہ کسی کی شرارت ہو کیونکہ اگر کھانے میں کچھ گڑبڑی ہوتی تو سب کی طبیعت خراب ہوتی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہال کے اندر بھی یونیورسٹی ہیلتھ سروس سے ایک ڈاکٹر کی ٹیم کو بلوا جا رہا ہے۔ طالبات کے لیے اگر کسی کو کوئی پریشانی ہوتی ہے تو ان کی جانچ اور علاج ہال میں بھی بآسانی ہو سکے۔ واضح رہے کہ بیگم عزیز النساء ہال طالبات کا اے ایم یو میں سب سے بڑا ہال ہے۔ جس میں 1500 طالبات کی رہائش ہے۔ جشن یوم سر سید کی تقریب میں خصوصی ڈنر تقریباً 3500 لوگوں نے کھایا تھا۔