ویسے تو گزشتہ کئی برسوں سے دارالعلوم میں یوم آزادی پر ترنگا لہرایا جاتا ہے لیکن 15 اگست سنہ 2019 دارالعلوم کے لیے خاص ہے کیونکہ دو برسوں کے بعد مدرسہ میں پرچم کشائی کی گئی۔
ترقی کرتے ہوئے ملک اور مسلمانوں کی نئی سوچ کے ساتھ ساتھ دارالعلوم جیسے عظیم مرکز کی ایک نئی پہل ہے۔
سمجھا جا رہا ہے کہ دارالعلوم کی نئی پہل سے پورے ملک میں بہت ہی اچھا پیغام جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ آپسی بھائی چارہ بھی مضبوط ہوگا۔
دارالعلوم دیوبند میں منعقد تقریب میں ضلع افسر آلوک کمار پانڈے نے پرچم کشائی کی۔
اس تقریب میں جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی، دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی اور ایس ایس پی دنیش کمار پی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر مولانا ارشد مدنی نے کہا ہم پیار اور محبت کا پیغام ساری دنیا کے اندر دینا چاہتے ہیں اور دارالعلوم دیوبند نے ہر برس یوم آزادی کے موقع پر پرچم لہرایا ہے لیکن بارش کے سبب گزشتہ دو برسوں سے ایسا نہیں ہو رہا تھا۔
انہوں کہا کہ ہمارا اصل مقصد امن و امان کا پیغام دنیا تک پہنچانا ہے نیز نفرت کی سیاست نہیں ہونی چاہئے، اس طرح کی سیاست کی مذمت کرتے ہیں۔
ضلع افسر آلوک کمار پانڈے نے کہا کہ میں اپنے آپ کو بہت ہی خوش نصیب سمجھ رہا ہوں کی دارالعلوم دیوبند جیسے ادارے نے مجھے یہاں آنے کی دعوت اور شاندار پروگرام کیا اور طلبہ سے ملاقات کرکے میں بہت خوش ہوں۔