گاندھی اور نہرو کی پہلی ملاقات لکھنؤ کے چارباغ ریلوے اسٹیشن پر ہوئی۔ سنہ 1916 میں گاندھی جی نے انڈین نیشنل کانگریس پارٹی کے لکھنؤ کے سالانہ اجلاس میں حصہ لینے کے لیے شہر کا دورہ کیا تھا۔ یہ پہلی مرتبہ تھا کہ جواہر لال نہرو اپنے والد موتی لال نہرو کے ساتھ آئے تھے اور گاندھی جی کے ساتھ ان کی ملاقات ہوئی تھی۔
اس ملاقات کا جواہر لال نہرو کی شخصیت پر کافی اثر پڑا جس کی وجہ سے وہ گاندھیائی نظریے پر عمل پیرا ہونے کی کوششیں کرنے لگے۔
ماہرین کے مطابق ، سنہ 1916 میں کانگریس پارٹی کے لکھنؤ اجلاس کا انعقاد پہلے فیض آباد میں ہونا طے ہوا تھا لیکن فیض آباد چونکہ چھوٹی اور زیادہ مقبول جگہ نہیں تھی اس لیے اس اجلاس کو لکھنؤ منتقل کردیا گیا اور اسی وجہ سے کانگریس اجلاس کو لکھنؤ اجلاس کا نام دیا گیا۔
یہ اجلاس ایک اہم واقعہ بن گیا جس میں دو نامور رہنماؤں، گاندھی جی اور پنڈت نہرو متحد ہوگئے۔ ان دو رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے ایک خود مختار ملک کے لیے تحریک آزادی چلائی۔