اترپردیش کے ضلع وارانسی کے ڈیژل انجن ریل کارخانہ کے انتظامیہ عمارت میں بدھ کو آگ لگنے سے بھاری نقصان ہوگیا اور ریلوے پروٹکشن فورس (آر پی ایف) کے جوان زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ورکشاپ کے انتظامی عمارت میں آگ کی طلاع ملتے ہی فائر سروس کی تین گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر سروس اور آر پی ایف اہلکار نے کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو حاصل کیا۔ تقریبا تین گھنٹے بعد آگ پر قابو حاصل کیا گیا۔
آگ بجھانے کے دوران آر پی ایف اہلکار اروند سنگھ اور نرنجن کمار زخمی ہوگئے ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی سے کمپیوٹر سمیت دیگر اشیاء کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ آگ سے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔