شہر نوئیڈا کے شورخہ میں بجلی کنکشن کے مسئلے کو لے کر احتجاج کر رہے مظاہرین کے خلاف سیکٹر 49 تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں یوتھ کانگریس کے ضلعی صدر پرشوتم ناگر، مہا نگر صدر شہاب الدین اور کانگریس کے رہنما انیل یادو سمیت 15 افراد پر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مہا نگر صدر شہاب الدین نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے اشارے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، اگر عوامی مسائل اٹھانا جرم ہے تو پھر راہل گاندھی کے سپاہی ہمیشہ ایسے مسائل اٹھائیں گے۔
یوتھ کانگریس کے ضلعی صدر پرشوتم ناگر نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی مایوسی جھلک رہی ہے، جنہوں نے جھوٹے وعدے کرکے انتخابات جیتے۔ جب ہم نے بجلی کنکشن کے مسئلہ کو اٹھایا تو ہمیں ڈرانے کے لئے مقدمہ درج کیا گیا ہے لیکن ہم پرینکا گاندھی کے سپاہی ان سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ عوام کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔
کانگریس کے رہنما انیل یادو نے کہا کہ مکمل آمریت کا دور دورہ ہے، مقامی لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے حکومت نے انگریزوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ڈیڑھ سو سے زیادہ خواتین کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔