ریاست اترپردیش کے ضلع امروہہ کے ادم پور پولیس اسٹیشن علاقے کے تاروولی گاؤں میں 7 فروری کو دودھ پنیر کے تاجر راجندر سنگھ کے گھر 38 لاکھ روپے کی چوری کی اطلاع پولیس کو موصول ہوئی تھی۔
راجندر سنگھ کے مطابق اس نے اپنا ایک مکان فروخت کیا تھا اور کسی دیگر جگہ مکان کی تعمیر کرائی جس کے سبب رقم کو اس نے گھر پر رکھا تھا لیکن اس کے گھر پر رکھی اس خطیر رقم کو نامعلوم چوروں نے چورا لیا۔
پولیس کو یہ معاملہ ہضم نہیں ہو رہا تھا لیکن پھر بھی پولیس نے راجندر سنگھ کی تحریر پر مقدمہ درج کیا اور پورے معاملے کی تفتیش شروع کردی۔
تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ گھر میں چوری کی واردات کسی اور نے نہیں بلکہ اس کے پیچھے راجندر سنگھ کی بیٹی اور اس کے معشوق کا ہاتھ ہے۔
دراصل جاگرن پارٹی میں کام کرنے والے کلدیپ کا راجندر سنگھ کی بیٹی سے معاشقہ ہو گیا تھا ، جس کے بعد راجندر سنگھ کی بیٹی کلدیپ سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن پیسوں کی کمی کی وجہ سے کلدیپ کی شادی نہیں ہو رہی تھی، اس اندھی محبت نے راجندر سنگھ کی بیٹی کو اس کے اپنے گھر میں چوری کرنے پر مجبور کردیا اور کلدیپ کے ساتھ مل کر اپنے والد کی 38 لاکھ روپئےکی رقم چوری کرلی۔
چوری کا انکشاف کرتے ہوئے پولیس نے راجندر سنگھ کی بیٹی کو اس کے معشوق کلدیپ اور اس کے دو ساتھیوں کے ساتھ گرفتار کرلیا ہے جبکہ ان کا ایک ساتھی اب بھی فرار ہیں۔