جونپور: ریاست اتر پردیش کے ضلع جونپور میں بلدیاتی انتخاب مکمل ہونے کے بعد کامیاب ہونے والے امیدوار جشن منا رہے ہیں۔ جونپور میں کُل نو نگر پنچایت اور تین نگر پالیکا پریشد نشست ہیں اور جونپور صدر میں 39 وارڈ ممبر کی نشستیں ہیں 39وں وارڈ میں اگر کسی نشست کے نتیجہ پر لوگوں کی نظریں ٹکی ہوئی تھیں تو وہ وارڈ نمبر 17 محلہ روزہ ارزن کی نشست تھی کیونکہ اس وارڈ سے سماجوادی پارٹی کے دو مرتبہ کے کارپوریٹر ساجد علیم سبھاسد تھے جن کا اپنے وارڈ میں کافی رسوخ و دبدبہ تھا مگر اس مرتبہ نو منتخب کارپوریٹر شاہنواز منظور نے 31 ووٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ساجد علیم کو شکست دے دی جو موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
اس موقعے پر ای ٹی وی بھارت نے نو منتخب وارڈ نمبر 17 کے کارپوریٹر شاہنواز منظور سے خصوصی گفتگو کی ہے۔ ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے شاہنواز منظور نے کہا کہ میں اپنے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے دل و جان سے محنت کرکے مجھے کامیابی دلائی اور بالخصوص اپنے وارڈ کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کروں گا کہ انہوں نے مجھ پر بھروسہ جتاتے ہوئے میرا انتخاب کیا، انشاء اللہ ان کی امیدوں پر صد فیصد کھرا اترنے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی تشہیر کے دوران لوگوں کی حمایت اور محبت دیکھ کر یہ اندازہ ہو گیا تھا کہ میں کامیاب ہو جاؤں گا البتہ اس بات کا علم نہیں تھا کہ ہار جیت کی مارجن کتنی ہوگی۔ شاہنواز منظور نے کہا کہ سب سے پہلے وارڈ میں جہاں جہاں نالی اور روڈ خستہ حالت میں ہیں اسے درست کرواؤں گا اور ساتھ ہی انتخابی تشہیر کے دوران میں نے جو اپنے وارڈ کے لوگوں سے وعدہ کیا تھا جیسے گائڈنگ سینٹر، محلہ کلینک، ان تمام کاموں کا میرے پاس پروفارمہ تیار ہے بہت جلد ہی اس پر عمل کرتے ہوئے اپنے وعدوں کو پورا کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے جن لوگوں کی بھی مدد شامل ہے میں ان تمام لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے بلدیاتی انتخابات میں کانگریس پارٹی کے حوالے سے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ کانگریس پارٹی مضبوطی کے ساتھ اپنے ویژن اور مشن کو عوام کے بیچ نہیں رکھ سکی جس کی وجہ سے مایوس کن نتیجہ کا سامنا کرنا پڑا۔ پارٹی اور عوام کے بیچ کمیونیکیشن گیپ رہا۔ کرناٹک میں وہاں کی ٹیم نے مضبوطی کے ساتھ اپنی بات رکھی، عوام نے بھروسہ کرتے ہوئے وہاں کامیابی سے ہمکنار کیا۔
مزید پڑھیں: سماج وادی رہنما ڈاکٹر سرفراز خان سے خصوصی گفتگو