جونپور:- ریاست اتر پردیش کے ضلع جونپور میں سیاسی گلیاروں میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے مشہور و معروف شخصیت اور جامعہ گروپ آف انسٹی ٹیوشن کے چیئرمین مولانا انوار احمد قاسمی نے کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر اجے رائے و پارٹی کے دیگر عہدیداران کی موجودگی میں کانگریس پارٹی کی رکنیت حاصل کرلی ہے۔ اس سے قبل مولانا راشٹریہ علماء کونسل کے فاونڈر ممبر رہے ہیں۔ پھر سماجوادی پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔ اب وہ کانگریس پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں اس کے بعد سے ہی ان کے چاہنے والوں کی مبارکباد کا سلسلہ جاری ہو گیا۔
اس موقع پر ای ٹی وی بھارت نے مولانا انوار احمد قاسمی سے خصوصی گفتگو کی ہے۔ ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا انوار احمد قاسمی نے بتایا کہ اس وقت ملک میں نفرت اور بھید بھاؤ کی جو سیاست چل رہی ہے اس میں صرف ایک ہی آواز ہے جو سڑک سے لیکر سنسد تک بے روزگاری، نفرت، مہنگائی کے خلاف اٹھ رہی ہے، وہ راہل گاندھی کا نام ہے۔ اس وجہ سے میں نے کانگریس پارٹی کی رکنیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات حقیقت ہے کہ اتر پردیش میں سماجوادی پارٹی مضبوط ہے، اگر کانگریس پارٹی کے ساتھ تمام پارٹیاں انڈیا اتحاد کی شکل میں مل جاتی ہیں تو یہ مضبوط ہو جائے گی اور پھر کانگریس پارٹی ایک قومی سیاسی جماعت ہے جو پورے بھارت میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2024 کے پیش نظر تمام مخالف سیاسی جماعتیں ایک ساتھ ہوکر اپنی ضرورت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے اتحاد کو مضبوط رکھیں تو کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست ایک ایسی چابی ہے جس سے تمام بند تالے کھل سکتے ہیں اور ایک جماعت سے وابستگی ہونے کی وجہ سے آپ کا کام قانونی دائرے میں رہتے ہوئے بآسانی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کو سیاسی میدان میں قدم رکھنا پہلے بھی ضروری تھا اور آج بھی ضروری ہے، کیوں کہ سیاست کے ہی ذریعے تمام چیزیں فورا ہوتی ہیں، علماء سیاست سے دور رہے یہ غلط فہمی تھی جس کو آج نتیجے کے طور پر وہ بھگت بھی رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پارلیمانی انتخابات میں کامیابی کے بعد وزیراعظم منتخب کیا جائے گا
انوار قاسمی نے کہا کہ مسلمان جب بھی کسی سیاسی جماعت کے ساتھ گیا تو وہ محض اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایسا کیا، اگر مسلمان کسی ایک جماعت کے ساتھ لگ کر اسے ووٹ کرتا تو اپنی بات آسانی سے منوا سکتا تھا، مگر اب صرف ووٹ نہیں دینا ہے، البتہ ہر چھوٹی بڑی چیز میں برابری کی شراکت داری حاصل کرنا یوگا۔ انہوں نے چندریان 3 کی کامیابی پر کہا کہ یہ ہمارے ملک اور سائنسدانوں کی کامیابی اور جیت ہے، ہمیں اس پر فخر ہے کہ ہم ایک ایسے دور میں داخل ہو گئے ہیں جہاں چاند تک کا سفر کر سکتے ہیں۔ مولانا انوار احمد قاسمی نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسے شخص کا انتخاب کریں جو نفرتی سیاست سے اوپر اٹھ کر آپس میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دے اور مہنگائی و روزگاری جیسے عوامی مسائل پر کھل کر اپنی بات رکھے۔