اترپردیش کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے ٹویٹ کیا کہ 'ضرورت صرف ڈبے نہیں پوری ٹرین ہی بدلنے کی ہے، اتنی کثیر تعداد میں وزراء یا وزارتوں کو تبدیل کرکے خود بی جے پی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ہر میدان میں ناکام ہوچکی ہے۔ بی جے پی نے حکومت چلانے کا اخلاقی حق کھو دیا ہے۔ اب ملک اور ریاست میں تبدیلی کی لہر دوڑ رہی ہے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی نے پنچایت انتخابات میں جمہوریت کا مذاق اڑایا۔ ریاست میں بی جے پی کے مقابلے سماج وادی پارٹی کے زیادہ ضلعی پنچایت ممبران نے کامیابی حاصل کی لیکن ضلعی انتظامیہ کے ذریعہ جیتنے والے تمام ضلعی پنچایت ممبران پر پیسے، دھوکہ دہی اور ہراساں کرکے اپنا ضلع پنچایت صدر بنا لیا اور اب بی جے پی بلاک سربراہوں کے انتخاب میں بھی اسی کہانی کو دہرانا چاہتی ہے۔