بھارتیہ کسان یونین (بھانو) کے صدر ٹھاکر بھانو پرتاپ نے اتوار کے روز نوئیڈا میڈیا کلب میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ جس میں انہوں نے کسانوں کے مسائل پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا 'ملک کو آزاد ہوئے آج 75 سال ہوگئے ہیں لیکن آج بھی اس ملک کے کسان ملک کے رہنماؤں کے غلام ہیں، کسان کا بیٹا قرض کی وجہ سے آج بھی خودکشی کررہا ہے۔ لیکن حکومت ان کی موت کا تماشہ دیکھ رہی ہے۔
بھانو پرتاپ سنگھ نے کہا "2014 میں وزیر اعظم بننے سے پہلے نریندر مودی نے کہا تھا کہ 'میں اقتدار میں آیا تو کسانوں کی فلاح کے لیے سوامی ناتھن کمیشن کو نافذ کروں گا اور کسانوں کی حالت بہتر کروں گا، میں کالا دھن واپس لاؤں گا لیکن کالا تو چھوڑ دیجئے پیلا پیسہ بھی واپس نہیں آیا اور نہ سوامی ناتھن کمیشن ہی نافذ ہوا اور نہ کسانوں کا قرضہ معاف ہوا'۔
مزید پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ اب ملک میں جو کسانوں کی بات کرے گا وہی ملک پر راج کرے گا، اس لیے میں وزیر اعظم سے درخواست کرتا ہوں کہ ملک کے کسان مزدور جو خودکشی کرنے کو مجبور ہیں، ان کی جان بچائیں۔