ویر بہادر سنگھ پوروانچل یونیورسٹی میں اترپردیش حکومت کی جانب سے بھارتی زبانوں کو فروغ دینے کے مقصد سے ایک مرکز قائم کیا جائے گا۔ مرکز ریاست کی دیگر یونیورسٹیوں میں قائم 6 زبانوں کے مراکز کی نگرانی اور انتظامات انجام دے گا۔
یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نرملا ایس موریا نے بتایا کہ 'ایک بھارت شریشٹھ بھارت' کے ویژن کے تحت زبانوں کی کثرت میں وحدت کو مدِنظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے پوروانچل یونیورسٹی کو زبانوں کا ایک اعلیٰ مرکز کے طور پر مقرر کیا ہے، ساتھ ہی ریاست میں قائم کئے جانے والے مزید 6 مراکز کی نگرانی کی ذمہ داری بھی پوروانچل یونیورسٹی کو تفویض کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مرکز مختلف زبانوں میں تحریر بہترین کتابوں کے ذریعہ طلباء میں انسانی اقدار کو بیدار کیا جائے گا۔ مرکز میں مختلف بولیوں اور زبانوں پر تحقیق کا کام بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے مستقبل میں ان مراکز پر روزگار پر مبنی پروگرامز بھی شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔