کورونا وائرس کے باعث پورے ملک میں افراتفری کا ماحول ہے۔ لوگوں کی نوکریاں جارہی ہیں۔ معیشت تباہ ہے۔ ایسے میں بعض کمپنیاں اپنے ملازمین کو کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں دے رہی ہیں۔
جس سے ملازمین کے حالات انتہائی قابل رحم ہیں۔ آج نوئیڈا میں ملازمین نے تنخواہوں کے مطالبے کو لے کے احتجاج کیا۔ احتجاج آگے چل کر پر تشدد ہو گیا۔ جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی۔
پولیس نے حالات کو قابو میں کیا، لیکن بہت سے ملازمین پر سیکٹر 3 کے پولیس تھانے میں کیس درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔
یہ سارے ملازمین اورینٹ کرافٹ نامی کمپنی کے تھے۔ اس کمپنی میں کام کرنے والے لگ بھگ 300 مزدوروں نے تنخواہ کے مطالبہ پر ہنگامہ شروع کیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر کمپنی اور انتظامیہ کے کارکنوں کے درمیان بات چیت کرانے کی کوشش کی، لیکن کارکن مشتعل ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جب کارکنوں نے توڑ پھوڑ شروع کی تو پولیس نے بھیڑ کو وہاں سے ہٹانے کے لئے طاقت کا استعمال کیا۔
پولیس نے مزدوروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس معاملے میں کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے کچھ مزدوروں کو حراست میں بھی لیا ہے۔
کارکنوں کا الزام ہے کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کمپنی کا ساتھ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمپنی کے لوگ انہیں تنخواہ مانگنے پر دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اس کے باوجود پولیس اور ضلعی انتظامیہ کارکنوں کی بات نہیں مان رہی ہے۔ فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے اور پولیس مزدوروں کے بجائے کمپنی کے موقف کو ترجیح دے رہی ہے۔