کچھ ہی دنوں میں ماہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ ایسے میں پورے ملک میں کرونا ویکسین کے ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا حالت روزہ میں کورونا ویکسین کا ٹیکہ لگوا سکتے ہیں؟
اس سلسلے میں مفتی شہر بنارس مفتی عبدالباطن نعمانی نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران کہا کہ حالت روزہ میں ٹیکہ لگوا سکتے ہیں، اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے عام انجکشن سے روزہ نہیں ٹوٹتا ہے اسی طریقے سے کورونا ویکسین کے ٹیکہ سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ٹیکہ کے بعد طبیعت پر کچھ ایسے اثرات مرتب ہوتے ہیں جس کے بعد بیماری لاحق ہو یا بخار ہو تو ایسی صورتحال میں روزہ توڑ کر علاج و معالجہ کرا سکتا ہے لیکن اگر اس کی حالت مستحکم ہے تو روزہ نہیں توڑ سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کی جو حکم روزہ کے بارے میں عام انجیکشن کا ہے وہی حکم کورونا ویکسین کے ٹیکے کا ہے۔ لہذا حالت روزہ میں جس طریقے سے ہم انجیکشن لگوا سکتے ہیں، ایسے ہی کورونا ویکسین کا ٹیکہ بھی لگوانے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔