ریاست اترپردیش کے ضلع کانپور کے گھاٹم پور پولیس سٹیشن علاقے میں دو ڈمپر کے درمیان تصادم ہوگیا، تصادم اتنا شدید تھا کہ ان دونوں ڈمپروں میں بھیانک آگ لگ گئی، جس کی وجہ سے ایک ڈمپر کا ڈرائیور زندہ جل کر ہلاک ہوگیا، جبکہ کئی لوگوں کے دونوں ڈمپرز میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
اطلاع ملتے ہی موقع پر فائر بریگیڈ عملے نے سخت کوششوں کے بعد دونوں ڈمپرز کی آگ پر قابو پالیا۔
دراصل گھاٹم پور تھانہ علاقے میں قومی شاہراہ (این ایچ) 34 پر پتارا گاؤں کے قریب کانپور سے حمیر پور جانے والی سڑک پر ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔
بتایا جارہا ہے کہ ایک ڈمپر کانپور سے حمیر پور کی طرف جارہا تھا، جبکہ دوسرا حمیر پور سے گھاٹم پور کے راستے کانپور کی طرف جارہا تھا۔
تیز رفتاری کے باعث دونوں ڈمپر کے ڈرائیور نے کنٹرول کھودیا اور آپس میں ٹکرا گئے جس کی وجہ سے دونوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس میں ایک ڈمپر کا ڈرائیور زندہ جل کر ہلاک ہوگیا جب کہ دونوں ڈمپرز میں کئی افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
راہگیروں کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچ گئی اور بےحد کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا، اسی دوران گھاٹم پور کوتوالی پولیس موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔