لکھنؤ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن لکھنؤ کی جانب سے یوم سر سید کے موقع پر دوسرا پدم بھوشن ڈاکٹر کلب صادق میموریل ایوارڈ فار ایکسیلنس اِن ایجوکیشن امسال الامین مشن کلکتہ کے فاؤنڈر جنرل سکریٹری محمد نور الاسلام کو تعلیمی میدان میں ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں دیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن کے اعزازی سیکریٹری انجینئر سید محمد شعیب نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ یومِ سرسید کی تقریبات کا انعقاد گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی پورے تزک و احتشام کے ساتھ 17 اکتوبر کو گومتی نگر میں واقع اندرا گاندھی پرتشٹھان میں شام ساڑھے چھ بجے سے ہوگا، جس کے مہمان خصوصی الہٰ آباد ہائی کورٹ کے سبکدوش جج اور اے ایم یو کے سابق طالب علم جسٹس شبیہہ الحسنین ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
AMU Old Boys Associationلکھنو میں سر سید ڈے کے موقع پر تعلیمی مشن کے فروغ کا عزم
انہوں نے بتایا کہ جسٹس حسنین فی الوقت پنجاب پی آئی ٹی این ایس ڈی پی اے بورڈ چنڈی گڑھ کے چیئرمین کے عہدہ پر فائز ہیں۔ مہمان اعزازی کی حیثیت سے مادر درسگاہ کے سابق استاد موسیقی جانی فاسٹر شریک ہوں گے جنہیں نہ صرف علیگ برادری میں بلکہ ایک شاعر کی حیثیت سے ادبی حلقوں میں بھی انتہائی ادب و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ ڈاکٹر کلب صادق میموریل ایوارڈ کے بارے میں مزید اطلاع دیتے ہوئے انجنئیر شعیب نے بتایا کہ ممتاز عالم دین و ماہر تعلیم ڈاکٹر کلب صادق مرحوم اے ایم یو کے ان چنندہ سابق طلباء میں ہیں جنہوں نے سر سید کے تعلیمی مشن کو نہ صرف فروغ دیا بلکہ تا زندگی اس کے لئے کوشاں بھی رہے ۔ گزشتہ سال یہ ایوارڈ شاہین گروپ کرناٹک کے فاؤنڈر چئیرمن ڈاکٹر عبد القدیر کو دیا گیا تھا ۔ یومِ سرسید کے پروگرام میں روایتی ڈنر کے بعد جانی فاسٹر شام غزل میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ انجنئیر شعیب نے تمام محبان سر سید بالخصوص علیگ برادری سے اس پروگرام میں شرکت کی اپیل کی ہے۔