مظفر نگر: ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں جمعیت علماء ضلع مظفر نگر کے ضلع کنوینر مولانا مکرم علی قاسمی کی رہائش گاہ پر سینکڑوں ضرورت مندوں میں کمبل تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر مولانا مکرم علی قاسمی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو دنیا میں باہمی لگاؤ اور محبت دے کر پیدا کیا ہے، انسان انسانیت سے بنا ہے، جو انسان دوسرے انسان سے لگاؤ نہیں رکھتا وہ انسان انسانیت سے خالی ہے۔ صرف نام کا انسان ہے لیکن حقیقت میں وہ انسانی خصوصیات سے عاری ہوگا۔ مولانا مکرم قاسمی نے کہا کہ جمعیت علماء ہند کی یہ کوشش ہے کہ ضرورت مندوں کی مدد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بہت خوشی کا موقع ہے کہ اللہ ہم سے یہ کام لے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
کورونا وبا کے دوران اسکول فیس جمع نہ کرنے والے سرپرستوں کے خلاف ایف آئی آر
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت محمد ﷺ نے نہ صرف انسانوں بلکہ تمام جانداروں کو اللہ کی مخلوق کہا ہے۔ ان سے بہتر سلوک کرنے والا اللہ کا زیادہ محبوب بندہ ہوگا۔ اسلامی شریعت میں تو یہاں تک لکھا ہے کہ اگر کوئی شخص بہت زیادہ بیمار ہو اور اس کا کوئی پرسان حال نہ ہو تو امت کے ہر فرد پر لازم ہے کہ اس کی خیر خیریت پوچھے۔ اس کی دیکھ بھال کرے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کوئی غریب ہے یا امیر، لیکن یہ ہر امیر و غریب پر فرض ہے۔ مولانا مکرم علی نے ضلع بھر کے تمام یونٹوں کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے قصبوں اور دیہات میں اس سردی میں ضرورت مند لوگوں کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء بلا تفریق مذہب وملت مدد کر رہی ہے۔